کانپور،11؍جون(ایس او نیوز؍یواین آئی) اترپردیش کے صنعتی شہر کانپور میں لگاتار بڑھ رہے کورونا متاثرین کی تعداد کو دیکھتے ہوئے مذہبی مقامات کو 30جون تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے -ضلع انتظامیہ کے افسروں اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ آج اس ضمن میں ہوئی میٹنگ میں شہر میں بڑھتے کورونا متاثرین کی تعداد کو دیکھتے ہوئے سبھی افسروں و مذہبی رہنماؤں کی بات چیت کے بعد فیصلہ لیا گیا ہے کہ30جون تک سبھی عبادت گاہیں بند رہیں گی -
مندر، مسجد،گرودوارے،چرچ کو ابھی پہلے کی حالت میں رکھا جائے اور30جون کے بعد ایک بار پھر مذہبی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کر کے آگے کی حکمت عملی طے کی جائے -میٹنگ میں مذہبی رہنماؤں کے علاوہ کمشنر سدھیر ایم بوبڑے،ٓئی جی موہت اگروال، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ برہم دیو رام تیواری،ڈی آئی جی/ایس ایس پی اننت دیو تیواری، اڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریت وویک کمار شریواستو موجود تھے -قابل ذکر ہے کہ7جون کو مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ضلع انتظامیہ نے میٹنگ کر کے فیصلہ کیا تھا کہ کانپور میں 10جون تک کسی بھی طرح کے مذہبی مقامات نہیں کھولے جائیں گے اور10جون کی میٹنگ میں آگے کی حکمت عملی طے کرنی تھی-